تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

خیبرپختونخوااورپنجاب کے بعد سیلاب نے سندھ میں تباہی مچادی

جنگ نیوز -
سکھر ... خیبرپختونخوااورپنجاب کے بعد سیلاب نے سندھ میں تباہی مچادی ہے۔دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے سکھر کے علاقے بچل شاہ میانی میں بیس دیہات زیرآب آگئے ہیں جبکہ سکھرکی حفاظتی دیوار سے پانی صرف چند انچ نیچے رہ گیاہے۔سکھر بیراج پر پانی کی آمد گیارہ لاکھ پندرہ ہزار 150کیوسک ہے جس کے باعث انتہائی اونچے درجے کاسیلاب ہے۔۔سیلابی ریلہ بچل شاہ میانی کے دیہی علاقوں میں داخل ہونے سے بیس دیہات زیرآب آگئے ہیں۔پاک فوج کی جانب سے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔جبکہ سیلابی پانی سکھرکی حفاظتی دیوار سے چند انچ نیچے رہ گیا ہے۔وفاقی وزیرمحنت و افرادی قوت سید خورشید شاہ کے مطابق حفاظتی دیوار کو توڑ کرلوگوں نے راستے بنائے ہوئے ہیں اس لیے شہر شدید خطرات کی زد میں ہے۔کشمور اور شکارپور کے قریب بی ایس فیڈر میں دو مقامات سمیت ٹوڑھی بچاؤ بندمیں شگاف پڑنے کے بعد متعدد دیہات پانی میں ڈوب گئے اور سیلابی ریلہ غوث پور شہر میں داخل ہوگیا ہے۔انڈس ہائی وے زیر آب آجانے سے کندھ کوٹ اور شکارپور کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد غوث پور اور کرم پور سے ملحقہ دیہات کے ہزاروں افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ضلع دادو میں گاؤں صاحب خان کھوسہ کے مقام پر آر ڈی ایم 46 نہر میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے کئی دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوگئی۔گھوٹکی میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور بڑی تعداد میں متاثرین قادر پور لوپ بند پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔لاڑکانہ میں نصرت، عاقل آگانی اور پرانا آباد حفاظتی بندوں پر پانی کے دباؤ میں مسلسل اضافے کے بعد کچے کے ہزاروں افراد کو منتقل کیا جارہا ہے۔ضلع خیرپور میں سیلاب نے بڑی تباہی مچادی ہے اور ببرلو سے سگیوں تک 140 کلومیٹر کچے کا علاقہ مکمل طورپرڈوب گیا ہے۔دوسری جانب جیکب آباد، ٹھل، کشمور، غوث پور،کرم پور اور شکارپور سمیت بلوچستان سے ملحقہ سندھ کے علاقوں سے ہزاروں متاثرین سیلاب پناہ کی تلاش میں جعفرآباد پہنچ گئے ہیں اورگزشتہ تین روز سے بھوکے پیاسے بے یارومددگارامدادکے منتظر ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی امدادی کارروائی شروع نہیں کی جاسکی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.