تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں ایک بار پھر شروع

جنگ نیوز -
خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں ایک بار پھر شروع

پشاور…خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں ایک بار پھر شروع ہوگئی ہیں۔مختلف علاقوں میں بارشوں اورسیلاب سے متعدد مکانات گرگئے۔ ضلع سکردو اور ضلع گانچھے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں زبردست طغیانی کے باعث رابطہ سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور متعدد دیہات کازمینی رابطہ منقطع ہوگیاہے۔ نواحی گاؤں قمراہ اورگانجھے کے گاؤں تیالیس میں لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک تیس سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں متاثرہ دیہات میں پاک فوج اور ناردرن سکاؤٹس کے جوان مقامی رضاکاروں کے ہم راہ امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔خیبرپختونخوا کے مقام ڈیرہ چشمہ پر مندرا پل گرنے کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد کے درمیان سڑک بند ہے ۔ ڈیرہ ۔ ژوب روڈبھی اب تک نہیں کھولی جاسکی ہے۔جبکہ ڈی آئی خان کی تحصیل کلا چی کے علا قے کو ٹ ولی داد میں کئی روز سے محصور400افراد کو پا ک آرمی کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ڈھائی ٹن خو راک فراہم کردی گئی ہے ۔لکی مروت کے مقام پردریائے کرم اور گمبیلا میں سیلاب سے دس دیہات زیر آب آگئے ۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور سات لاپتا ہوگئے ۔ تتر خیل کے علاقے میں پچیس مکانات گر گئے اور چار افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے ۔ہنگو کے علاقے زرگری میں بھی بارش اور سیلاب سے پچیس سے زائد مکانات تباہ اور چھ افراد جاں بحق ہوئے ۔ حالیہ بارشوں کے سبب دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نوشہرہ ،چارسدہ روڈ زیر آب آنے سے ٹریفک معطل ہے ۔ سیلابی ریلا نوشہرہ کلاں کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگیا ہے ۔ حاجی زئی کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.