5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سوات میں خراب موسم کے باعث ہیلی سروس چوتھے روز بھی معطل
جنگ نیوز -
سوات…وادئ سوات میں چوتھے روز بھی موسم کی خرابی اور بارش کے باعث ہیلی کاپڑ سروس شروع نہیں کی جاسکی جس کے باعث بالائی علاقوں میں موجود متاثرین کو اشیا خوردونوش کی فراہمی معطل ہے۔جبکہ دریا سوات میں اونچے درجے کا سیلاب کے باعث کشتی سروس معطل کردی گئی ہے۔لکی مروت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔برساتی نالوں میں طغیانی سے تین افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق جبکہ تیرہ افراد لاپتہ ہیں۔دتر خیل اور بہرام خیل میں بارش سے مکانات کی چھتیں گرنے سے دو افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔چارسدہ میں آنے والے سیلاب کے بعد چارسدہ کے مقام پر دریا سوات اور دریا کابل میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تین دن سے جاری مسلسل بارشوں کا سلسلہ رک گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے پاس صرف ایک ہزار خاندانوں کے لئے امدادی سامان بچا ہے اور کئی لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ شبقدر کے علاقے میں متاثرین نے امدادی سامان نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔نوشہرہ میں بھی سیلاب کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اب بھی کئی افراد امداد کے منتظر ہیں۔ میرانشاہ میر علی روڈ پر ایشا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ مکمل بند ہوگئی ہے۔چترال میں سنوغر،چوینج ،چپاڑی کے مقامات پر بارشوں کے بعد سیلاب ریلہ متعدد مکانات بہہ گئے ہیں۔