5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حکومت پاکستان جیو سمیت تمام ٹی وی چینلز کھولے،آئی ایف جے
جنگ نیوز -
لندن …صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں جیو سمیت تمام ٹی وی چینلز کو دوبارہ کھولا جائے جن کو اتوار سے بند کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان جیو اور دیگر ٹی وی چینلز پر پابندی سے نیوز کوریج متاثر ہورہی ہے خاص طور پر سیلاب کی خبریں لوگوں تک نہیں پہنچ پارہیں۔ صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم International Federation of Journalists نے صدر آصف زرداری کو ان کے وعدے یاد دلائے جو انہوں نے اپنا عہدے سنبھالتے وقت کیے تھے۔ تنظیم کے جنرل سیکرٹری نے صدر سے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں آزادی صحافت کی حفاظت کرنے کا عہد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جب ملک نازک وقت سے گزر رہا ہے، پاکستان کی حکومت اور رہنماؤں کو ماضی کی آمر حکومتوں کی طرح آزادی صحافت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنا چاہئے۔یاد رہے کہ مارچ2008 میں صدر بننے سے پہلے صدر زرداری نے اس تنظیم سے کہا تھا کہ ان کی حکومت کے میڈیا سے اچھے تعلقات ہوں گے۔تاہم مارچ2009 میں ان کی حکومت نے جیو اور دیگر چینلز پروکلا اور حزب اختلاف کے مظاہروں کی کوریج کرنے پر نشریات بند کردی تھیں،جس کے بعد وزیر اطلاعات شیری رحمٰن نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تنظیم کو خدشہ ہے کہ ٹی وی کیبل آپریٹرز پر دباؤ سے یہ چینل بند کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے صحافی اور صحافت سے جڑے افراد کے روزگار پر فرق پڑے گا۔