5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی: شانتی نگر آپریشن،حاجی اسلم کے دو بیٹوں سمیت 37ملزمان گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے علاقے ڈالمیا شانتی نگر میں گذشتہ روز آپریشن کے دوران منشیات فروش کالو کرنٹ گروپ کے13 ملزمان اور لینڈ مافیا کے حاجی اسلم گروپ کے24 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر امیر شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز شانتی نگر میں ہونیوالے آپریشن کے دوران کالو کرنٹ گروپ کے 13 ملزمان اور حاجی اسلم گروپ کے 24ملزمان کو گرفتار کیا گیا،جن میں حاجی اسلم کے دو بیٹے اکبر اور دانیال بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق گرفتار ہونیوالے ملزمان سے سات کلاشنکوف، دو سیون ایم ایم ،ایک ایل ایم جی،چار بارہ بور رائفل ، دو جی تھری رائفل اور چار ہینڈ گرینیڈ برآمد کئے گئے ہیں ،جبکہ ملزمان کے قبضے سے بلٹ پروف جیکٹ ، دوربین ، موبائل فونز چھینے ہوئے زیورات، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے بعد شانتی نگر کو منشیات فروشوں سے پاک کردیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ کالو کرنٹ حکومتی جماعت کے سیاست دانوں کو بھی قتل کی دھمکیاں دیتا تھا۔امیر شیخ نے بتایا کہ رمضان کی آمد کے موقع پر پولیس کا جامع سکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے ،جس کے تحت مساجد اور بازاروں کوخصوصی اہمیت دی گئی ہے، ٹارگٹ کلنگ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ253 افراد کے خلاف ڈیٹا جمع کرلیا گیا ہے،جن میں سے65 کو کریک ڈاؤن کرکے گرفتار بھی کیا گیا ہے،جن میں سے2 ٹارگٹ کلرز اور7 جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں شناخت بھی ہوچکے ہیں۔