5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دریائے اسکردو میں ایک اور سیلابی ریلا داخل ہوگیا
جنگ نیوز -
گلگت …گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے دریائے اسکردو میں ایک اور سیلابی ریلا داخل ہوگیا ہے۔اسکردو بلتستان ڈویژن میں دریائے سندھ سمیت معاون دریا شگر اور دریا شوگ میں طغیانی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ اسکردو کے مقام پر دو لاکھ95 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ بونجی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے چار لاکھ کیوسک ہے۔ اسکردو اور گھانچے میں بارشوں سے سڑکوں پلوں اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔گلگت اسکردو روڈ سمیت متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔شاہراہ قراقرم کی طویل بندش سے اسکردو میں پیٹرولیم مصنوعات اور کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ دیامرمیں رائی کوٹ برج کے مقام پر دریا سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کنارے پر واقع لیسر گاؤں متاثر ہوا ہے۔کوہستان میں دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔پانی کومیلا شہر میں دریاکے کنارے واقع مکانات میں داخل ہوگیاہے۔