5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سرکار ناراض: جیو نیوز کی نشریات سندھ کے بیشتر علاقوں میں بند
جنگ نیوز -
اپوزیشن ارکان نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی
کراچی …برمنگھم میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں صدر آصف زرداری پر ایک شخص نے جوتے پھینکے اور اس کی خبر نشر کرنے پر جیونیوز، حکمرانوں کے عتاب کا نشانہ بنا ہوا ہے۔یہ خبر نشرہونے کے بعدسندھ کے مختلف شہروں میں جیونیوز کی نشریات بند کردی گئی جو ابھی بھی بند ہیں۔برطانیہ کے شہربرمنگھم میں تقریب کے دوران صدر زرداری پر جوتے پھینکے جانے کے بعد بعض سرکاری اہلکاروں اور پیپلز پارٹی کے چند عہدیداروں نے کیبل آپریٹرز کو دھمکیاں دینے کے علاوہ ان پرجیونیوز کی نشریات بند کرنے کیلئے دباؤ بھی ڈالا۔ پولیس کی نگرانی میں جیو نیوز کے خلاف وال چاکنگ کروائی گئی۔ایک ادارے کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات2 بجے کے بعد جیو نیوزکے سگنل بلاک کردیے۔ عوام کی بڑی تعداد نے جیو نیوزکی نشریات بند کیے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیااور عوام کوحقائق سے بے خبراوراطلاعات تک رسائی سے محروم رکھنے کے عمل کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ جیو نیوز کے ساتھ اے آر وائی کی نشریات بھی بند کر دی گئی ہیں۔ جنگ اور جیو کی بندش کیخلاف اپوزیشن ارکان نے قو می اسمبلی سیکرٹیریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ اس تحریک التوا پر راجہ اسد، نگہت پروین، ملک شاکر، رانا محمود الحسن اور نزہت صادق کے دستخط شامل ہیں۔