5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جیو کی بندش تاریخی غلطی ہے،فوری بحال کیا جائے، سی پی جے
جنگ نیوز -
نیو یارک…فارن ڈیسک…جیو کی بندش کا حکم ایک تاریخی غلطی ہے اور اسے فوری معطل ہونا چاہیے۔ یہ مطالبہ کرتے ہوئے صحافیوں کے حقوق کی محافظ بین الاقوامی تنظیم دی کمیٹی آف پروٹیکٹ جرنلسٹ نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ جیو کی نشریات فوری بحال کرے۔ سی پی جے کے ایشیاء پروگرام کے کوآرڈینیٹر باب ڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا ہے ایسے میں پہلے سے زیادہ نیوز میڈیا کی ضرورت ہے، اس نازک موقع پر دو اہم ترین چینلز کی کیبلز آپریٹر کے ذریعے زبردستی بندش اپنے آپ کو بچانے کی حکومت کی ایک خود غرضانہ کوشش ہے۔جیو کی بندش کا حکم ایک تاریخی غلطی ہے اور اسے فوری معطل ہونا چاہیے،پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب میں حکومت پاکستان نے جیو ٹی و ی کی نشریات کو بند کر دیا۔ یہ بندش حکومت کے حامیوں کی طرف سے دو دن قبل کیبل آپریٹرز کو اس وقت دھمکیاں دینے اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد عمل میں آئی جب صدر آصف علی زرداری پر لندن کے دورے پر برمنگھم میں تقریر کے دوران احتجاج کرنے والے شخص نے ان پر جوتے پھینکے۔سی پی جے نے کیبل آپریٹرزکے حوالے سے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری کے اسٹاف کی طرف سے کیبل آپریٹرز کو حکم دیا گیا کہ وہ نشریات بند کردیں۔جب کچھ کیبل آپریٹرز نے ان کا حکم ماننے سے انکار کیا تو کچھ لوگوں کی طرف سے ان کے دفاترمیں توڑ پھوڑ اور فائرنگ کی گئی۔ امریکی خبر رساں ادارے’اے پی‘ نے برمنگھم سے یہ رپورٹ دی کہ جوتا پھینکنے والا شخص پاکستانی حکومت کی ناقص کارکردگی پر سخت نالاں تھاکہ پاکستان میں شدید ترین سیلاب میں حکومت بہتر کام نہیں کر رہی۔