5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فلم’پپلی لائیو‘ ایک اور تنازع کا شکار،پروموشونز منسوخ
جنگ نیوز -
ممبئی…سی ایم ڈی…بالی وڈ اداکارعامر خان کی فلم”Peepli Live“کے گلوکاروں کی جانب سے کم معاوضہ ادا کرنے کے احتجاج کے بعد اب اس فلم کو ایک اور تنازعہ کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب عامر خان نے علالت کے باعث فلم کے پروموشن کے لیے کی جانے والی تقاریب منسوخ کردی ہیں۔ گزشتہ دنوں فلم Peepli Live کے گلوکاروں نے اپنے گیت”مہنگائی دیاں“(Mehngai Dayain) کا کم معاوضہ ادا کرنے پر احتجاج کیا تھا۔ اب اس فلم کے ایک اور گیت”چولا مٹی کے رام“(Chola Mati ke Ram)کے حوالے سے نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔اس گیت کو گانے والے ریاست چھتیس گڑھ کے مقبول فوک سنگر گنگا رام سیوار(Gangaram Siwar) کو اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا ہے۔اس کے سنگیت کار بھی گنگا رام ہی تھے اور ان کا گایا ہوایہ گانا اپنے دور میں کافی مقبول ہوا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ اس گیت کو اپنی فلم ”Peepli Live“ میں شامل کرنے کے لیے گنگا رام سیوار کے اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کرنا تو دور کی بات عامر خان نے اس کے لیے مرحوم فوک سنگرکے اہلِ خانہ سے اجازت تک لینا بھی گورا نہیں کی۔1930ء میں رائے پور کے قریبی علاقے میں پیدا ہونے والے گنگا رام سیواراپنے دور کے مقبول فوک گلوکار تھے اور وہ 1982ء میں اپنی وفات سے پہلے چار عشروں تک آل انڈیا ریڈیو پر نہ صرف اپنی آواز کا جادو جگاتے رہے بلکہ بہت سے گانے بھی لکھے۔عامر خان نے فیس بک پر بتایا ہے کہ وہ ان دنوں شدید علیل ہیں اس لیے فلم ”Peepli Live“ کے پروموشن کے لیے کی جانے والی تمام تقاریب منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔44سالہ عامر خان Melbourne سے بھارت واپس آچکے ہیں اور عامر خان کے مطابق وہ103ڈگری بخار میں مبتلا ہیں۔