5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لیڈر ہو تو ایسا،روسی وزیراعظم پیوٹن آگ بجھانے کیلئے فائر فائٹر بن گئے
جنگ نیوز -
ماسکو ... لیڈر ہو تو ایسا۔ مصیبت کے وقت جو خود آگے بڑھ کر قوم کا مورال بلند کرے۔ روسی وزیراعظم ولادیمر پیوٹن کا شمار بھی شاید ایسے ہی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ جو روس میں تاریخ کی بدترین گرمی کی وجہ سے جنگلات میں پھیلتی آگ بجھانے کیلئے فائر فائٹر بن گئے۔ایکشن مَین کے طور پر پہچانے جانے والے پیوٹن نے وہ طیارہ خود اڑایا جو آگ پر قابو پانے کیلئے فضا سے پانی کا چھڑکاؤ کرتا ہے۔ ہیڈ فون لگاکر جہاز کے کاک پٹ میں بیٹھے پیوٹن نے ریازن کے علاقے میں اڑان بھری اور فائر فائٹنگ آپریشن میں حصہ لیا۔ روس ان دنوں تاریخ کی شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ جس سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ خشک سالی اور جنگلات میں پھیلتی آگ کے دھوئیں نے دارالحکومت ماسکو کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ یہ صورتحال وزیراعظم پیوٹن اور صدر دیمتری میدیوف کیلئے پریشان کُن ہے ۔مخالفین اُن پردرجہ حرارت بڑھنے کے باعث لگنے والی آگ پرقابو پانے کے لیے بروقت کارروائی کرنے میں ناکامی اور بدانتظامی کے الزامات لگارہے ہیں۔