5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امریکا کاسیلاب زدگان کیلئے 2 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا اعلان
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے دو کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا اعلان کردیا۔ متاثرین سیلاب کیلئے امریکی ایڈ بڑھ کر ساڑھے پانچ کروڑ ہوگئی۔ یو ایس آفس آف فارن ڈیزاسٹر اسسٹنس کے قائم مقام ڈائریکٹر مارک وارڈ نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاری کی صورتحال خراب موسم کی وجہ سے ابھی پوری طرح واضح نہیں ہوئی۔ اصل تباہی کی تصویر سامنے آنے پر امداد میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے جیسے سیلاب جنوبی سمت بڑھ رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ تباہی اور امداد کا تعین کیا جارہا ہے۔ امریکی ایجنسیاں متاثرین میں امداد کی تقسیم عالمی اداروں اور ایسی پاکستانی این جی اوز کے ذریعے کررہی ہیں جن کا تعلق کسی اسلامی انتہاپسند گروپ سے نہ ہو اور وہ متاثرہ علاقوں تک رسائی رکھتی ہوں۔محکمہ خارجہ کے سینئر اہلکار ڈینیل فیلڈمین کا کہنا ہے کہ سیلاب سے طویل مدت میں پیدا ہونے بحران سے نمٹنا بھی اہم ہے۔ آنے والے مہینوں اور برسوں میں غذائی قلت اور معاشی انفرااسٹرکچر سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے بھی امریکا پُرعزم ہے۔