تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے کا امکان

جنگ نیوز -
لاہور. . . . . . . دریائے چناب پر ہیڈ خانکی کے مقام پر کسی بھی وقت بڑا سیلابی ریلا گزر سکتا ہے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات اور خوارک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے چالیس ریلف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں ۔جہاں دس ہزار سے زائد افراد رہائش پزیر ہیں۔ اب بھی ہزاروں متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں ۔راجن پور کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے جام پور اور کوٹ مٹھن میں بھی اب تک نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں ہو سکا ہے اور ابھی بھی دونوں شہروں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔انڈس ہائی وے اور ملتان روڈ بہہ جانے کے بعد ڈیرہ غازی خان اور راجن پور اضلاع کا ملک بھر سے آج پانچویں روز بھی رابطہ منقطع رہا ۔مظفر گڑھ کے علاقے شاہ جمال میں سیلابی ریلا تباہی مچانے کے بعد خان گڑھ شہر سے پانچ کلو میٹر دور شیخ پور کے مقام پر پہنچ گیا ہے۔․سیلابی ریلا شیخ پور کے علاقے سے گزرنے والے سیم نالے کو تین جگہوں سے شگاف ڈال کر آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب شاہ جمال اور مونڈ کا کے علاقوں میں ہزاروں افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں ۔ریسکو اداروں کی جانب سے اڈہ بصیراں کے علاقے میں متاثرہ افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔دریائے چناب میں وقفے وقفے سے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں ۔محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق گزرنے والے تمام سیلابی ریلے چھوٹے ہیں جبکہ آج کسی بھی وقت ہیڈ خانکی میں بڑا سیلابی ریلا گزرے گا۔جس کیلئے ضلعی انتظامیہ نے تمام تر حفاظتی اقدامات کر لئے ہیں ۔رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے بھونگ میں بچاؤ بند کو ابھی تک پر نہیں کیا جاسکا ہے جس کے باعث سندھ پنجاب سرحد پر واقع قومی شاہراہ کے قریب پانی پہنچ گیا ہے اور حفاظتی بند کو پر کرنے کیلئے انتظامیہ جانب سے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔ سیلاب سے متاثر ہ علاقوں میں خوراک اور پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوجانے کی وجہ سے متاثرہ لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ علاقوں میں ٹرانسپوٹرز لوگوں سے منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.