5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ ہائی کورٹ کا جیونیوز کی نشریات فوری بحال کرنے کا حکم
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا اور کیبل آپریٹرز کو جیونیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔جیو کی ناظرین کی جانب دائر کردہ پٹیشن کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔ عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا ہے کہ وفاق ، پیمرا، کیبل آپریٹرز 18 اگست کوعدالت کے روبرو اپنا موقف پیش کریں۔جیو کے ناظرین کی طرف سے دائر کی گئی پٹیشن میں وفاق پاکستان ، پیمرا اور چار کیبل آپریٹرز کو مدعا علیہ بنایاگیا ہے ۔درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ پیمرا آرڈیننس کی دفعہ اٹھائیس کے تحت کوئی کیبل آپریٹر سروس بند نہیں کرسکتا۔درخواست گزاروں کے وکیل بہزاد حیدر ایڈوکیٹ کا کہناہے کہ پیمرا کو خلاف ورزی پرآرڈیننس کی دفعہ تیس کے تحت کیبل آپریٹرز کیخلاف کارروائی کرکے ان کے لائسنس معطل اور منسوخ کرنے چاہئیں۔پٹیشن کی سماعت آج چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں بینچ کرے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ بھی جیو نیوز کی نشریات سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ دے چکی ہے، تاہم آج پانچویں روز بھی جیو نیوز کی نشریات بند ہیں۔