5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی میں جنوری سے جولائی تک 1ہزار افراد قتل کئے گئے،پولیس چیف
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . سی سی پی او کراچی وسیم احمد کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جنوری سے جولائی2010تک1ہزار افراد کو قتل کیا گیاجن میں سے دو سوافراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔کراچی کے سینٹرل پولیس آفس میں سی سی پی اوکراچی کی زیر صدارت اعلیٰ پولیس افسران اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہان کا اجلاس ہوا۔جس میں رمضان المبارک میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور سکیورٹی اقدامات کوحتمی شکل دی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگومیں کراچی پولیس کے سربراہ نے بتایاکہ ایسٹ زون سے ٹارگٹ کلنگ کی12سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک اہم ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ روکنے اور سیاسی اور فرقہ وارنہ قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔وسیم احمد نے بتایاکہ رمضان میں اہم عمارتوں،مساجد،امام بارگاہوں اورشاپنگ سینٹرز پر اضافی نفری تعینات کی جارہی ہے۔دوسری طرف سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔