5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 14اگست،6ستمبر کی فوجی تقریبات منسوخ
جنگ نیوز -
کراچی…پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال چودہ اگست اور چھ ستمبر کو فوجی تقریبات نہیں ہوں گی اور اس طرح بچائی گئی رقم متاثرین ِ سیلاب کی امداد پر خرچ کی جائے گی ۔ آرمی چیف نے یہ اعلان آج کور کمانڈرز کی خصوصی کانفرنس میں کیا ۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی کانفرنس میں سیلاب کی صورت حال اور آرمی کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ جنرل اشفاق کیانی نے سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور نجی و سرکاری املاک کوپہنچنے والے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے فارمیشنز کو ہدایات دیں کہ وہ سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد تک پہنچنے کا عمل جاری رکھیں اور وسائل کی قلت کو ذاتی قربانیوں اور بہتر انتظام سے دور کیا جائے ۔ آرمی چیف نے متاثرین کی مدد کے لئے خاص طور پر فیلڈ فارمیشنز اور آرمی ایوی ایشن کی گراں قدر کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی اپنی پوری استعداد کے ساتھ متاثرین کو امداد کی فراہمی میں سول انتطامیہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ قومی کوشش سے پاکستان سیلاب کے چیلنج پر کامیابی سے قابو پالے گا ۔