5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ حکومت کا سنگین جرائم میں ملوث افراد کی پشت پناہی کا انکشاف
جنگ نیوز -
کراچی…اندھیر نگری چوپٹ راج ۔ امن امان قا ئم رکھنے کی دعویدار سندھ حکومت کی جانب سے سنگین جرائم میں ملوث افراد کی پشت پناہی کر نے کا انکشاف ہوا ہے۔۔ آٹھ اگست کوکراچی کے علاقے ڈالمیا میں مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزمان کوذرائع کے مطابق کل رات گیارہ بجے سندھ حکومت کے طاقتور ترین وزیر کے دباؤ پر چھوڑ دیا گیا۔تمام ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے۔ صوبائی وزیر کے کہنے پر کراچی پولیس کے اعلی ترین افسر نے رہائی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس مقابلے میں سنگین جرائم میں ملوث کالو کرنٹ اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ما را گیا تھااور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا۔پولیس کارروائی میں اڑتیس افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ، جن میں سات ملزمان کو رہا کردیا گیا۔ساتوں ملزمان پر عزیز بھٹی تھانے میں ناجائز اسلحہ رکھنے کے خلاف13-D کی سات مختلف ایف آئی آر درج ہیں ۔ان ملزمان کو کل رات11 بجے ،عامر نامی شخص کی ، شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے تمام افراد لیاری گینگ وار کے اہم کردار ہیں اور ملزمان کئی تھانوں کو قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مقدمات میں بھی مطلوب ہیں ۔ذرائع نے بھی بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے کراچی پولیس کے اعلی ترین افسر کے کہنے پردوسرے متعلقہ تفتیشی محکموں کو مطلع کئے بغیر ان ملزمان کورہاکیاہے۔