تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

مخیرحضرات متاثرین سیلاب کی بھرپورامداد کریں، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست عوام بالخصوص مخیرحضرات سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپورمدد کریں اور دکھی انسانیت کی عملی خدمت کیلئے اپنے عطیات خدمت خلق فاوٴنڈیشن میں جمع کرائیں ۔ جمعرات کی صبح ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات کے ارکان اورکارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے انہیں رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے کہاکہ روزہ ،دین اسلام کی اہم ترین عبادت ہے جو تزکیہ نفس اور غریب ومستحق افراد کی بھوک پیاس کومحسوس کرنے اور ان کی عملی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ایسے موقع پر آیا ہے جب پورا ملک سیلاب کی تباہ کاریوں کی لپیٹ میں ہے،سیلاب کے باعث سینکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے بھوک وافلاس اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا بنیادی فرض ہے لہٰذا میں ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ رمضان المبارک میں عبادات کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھی بڑھ چڑھ کر مدد کریں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں میں اپنا بھرپورکردارادا کریں ۔انہوں نے سکھر ،حیدرآباد اور دیگر شہروں میں حفاظتی پشتوں کی تیاری میں دن رات کام کرنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن ،ماضی میں سونامی اور پاکستان میں قیامت خیز زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کی عملی خدمت کرتا رہا ہے جس کی مثال نہیں ملتی اور اب یہ فلاحی ادارہ پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی عملی خدمت میں مصروف ہے ۔ الطاف حسین نے حق پرست عوام بالخصوص مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں خاندانوں کی امدادمیں بھرپورتعاون کریں اور رمضان المبارک کے مہینہ میں فطرہ ، زکوٰة ، صدقہ اوراپنے دیگر عطیات خدمت خلق فاوٴنڈیشن میں جمع کرائیں اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کا عملی ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ مخیرحضرات اپنے عطیات خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے مرکزی دفتر واقع فیڈرل بی ایریا اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں جمع کراسکتے ہیں۔مخیر حضرات مزید معلومات کیلئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد کے فون نمبر021- 3631 3690 یا021 3632 9900 اور خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے مرکزی دفتر کے فون نمبر021-363 74882 یا 021- 342 64572 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔














متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.