5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خدشات دورنہ کئے توبلیک بیری کی مختلف سروسز پرپابندی لگادینگے،بھارت
جنگ نیوز -
خدشات دورنہ کئے توبلیک بیری کی مختلف سروسز پرپابندی لگادینگے،بھارت
نئی دہلی…بھارت نے خبردارکیاہے کہ اگربلیک بیری موبائل سروسزنے اکتیس اگست تک بھارتی سیکیورٹی سے متعلق خدشات دورنہ کیے تو اس کی ای میل اورایس ایم ایس سروس پرپابندی لگادیں گے۔بھارتی وزارت داخلہ میں ایک اجلاس میں کینیڈین کمپنی ریسرچ ان موشن سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ اکتیس اگست تک اپنے بلیک بیری موبائل فونز سروسز کے ذریعہ بھیجی جانے والی ای میل اور ایس ایم ایس پیغامات تک خفیہ اداروں کو رسائی فراہم کرے۔اگر اس مسئلے کاکوئی تکنیکی حل نہیں نکالا جاسکا تو یہ سروسز بند کر دی جائیں گی۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق یہ مطالبہ داخلہ سیکریٹری جی کے پلائی کے صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں محکمہ مواصلات اور سرکاری ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ کے افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ بلیک بیری سے بھیجے جانے والے پیغامات تک کس طرح رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے شورش زدہ علاقوں میں عسکریت پسند بلیک بیری کے کوڈ کی شکل میں پیغامات کا استعمال کر کے اپنی سرگرمیوں کو انٹیلی جنس ایجنسیوں سے پوشیدہ رکھ سکتے ہیں۔اس کمپنی کے سرور بھارت میں موجود نہیں ہیں، اس لیے انٹیلے جنس ایجنسیاں ان پیغامات پر نظر نہیں رکھ سکتیں۔