تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سپریم کورٹ: اطلاعات ،داخلہ سیکرٹری اور چیئر مین پیمرا کی طلبی

جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جیو نیوز اور دیگر چینلز کی نشریات بزور طاقت روکے جانے کو جرم اور کیبل آپریٹرز پر پٹرول بم سے حملوں کو دہشت گردی سے تعبیر کیا ہے ، انہوں نے ریمارکس میں کہا ہے کہ اب تک قانون حرکت میں کیوں نہیں آیا۔جیو نیوز اور اے آر وائی کی بندش کے خلاف دائر دو درخواستوں کے مقدمہ کی سماعت آج ، چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ میں ہوئی ، درخواست گزار وکیل اکرم شیخ نے ابتدائی دلائل میں کہا کہ برمنگھم میں پیش آنے والے واقعہ کی خبر عالمی میڈیا کے ساتھ پاکستانی چینلز نے بھی نشر کی ، اس کے بعد پاکستان میں میڈیا کو ہراساں کیا گیا ، جنگ اور دی نیوز کے بنڈل چھین کر جلا دیئے گئے ، کیبل آپریٹرز پر پٹرول بم بھی پھینکے گئے اور یہ حالات ، اطلاعات فراہمی کی آزادی کے حق کے خلاف ہیں ، اس پر چیف جسٹس نے سوالیہ ریمارکس دیئے کہ کیا ملک میں امن و امان قائم کرنے والا کوئی ادارہ موجود ہے ، پٹرولم بم پھینکنا دہشت گردی ہے اور اب تک قانون حرکت میں کیوں نہیں آیا ، چیف جسٹس نے کہا کہ چینلز کی نشریات ایسے روکنا جرم ہے ۔اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ میڈیا کو ہراساں اور ایسی دہشت گردی کرنے والوں کو پولیس تحفظ دے رہی ہے ، اس پر چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ آپ ذمہ داری سے بیان دیں ، آپ کے بیان کردہ حالات کا مطلب ہے کہ بریک ڈاؤن ہوگیا ہے اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے کام نہیں کررہے ، عدالت نے اس مقدمہ میں اطلاعات اور داخلہ کے وفاقی سیکریٹریز اور چیئرمین پیمرا کو آج ہی طلب کرلیا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.