5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جیو نیوز کی نشریات بحال ہونا شروع
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمدچوہدری کے حکم پر سندھ میں جیو کی نشریات بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔صدر آصف علی زرداری پر جوتا پھینکنے کی خبر نشر کرنے کی پاداش میں جیو نیوز کی نشریات چھ روز تک بند رکھ کر عوام کو اطلاعات کے حصول سے محروم رکھا گیا۔ جیو نیوز اور اے آر وائی کی بندش کے خلاف دائر دو درخواستوں کے مقدمہ کی سماعت آج چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ میں ہوئی ۔نماز جمعہ کے وقفے سے قبل عدالت میں اطلاعات اور داخلہ کے وفاقی سیکریٹریز ، چیئرمین پیمراپیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے چیئرمین پیمرامشتاق چوہدری کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ نشریات بند کرنیوالے کیبل آپریٹرز کے لائسنس منسوخ کیوں نہیں کئے گئے، آپ فرائض سے کوتاہی اور آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں ،چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا بریک ڈاؤن ہوگیا تو بات بہت آگے چلی جائے گی، آرٹیکل19 اور19اے کی خلاف ورزی پر پتوکی کے کیبل آپریٹر کو نہیں متعلقہ وفاقی سیکریٹری کو پکڑیں گے ،چیئرمین پیمرا سے تحریری یقین دہانی طلب کرلی اور کہا کہ چینلز آج بحال نہ ہوئے تو آپ جیل میں ہوں گے۔ چیف جسٹس کے انتباہ کے بعد بعض علاقوں میں جیو نیوز کی نشریات بحال ہونا شروع ہوگئیں، تاہم اب بھی کئی جگہوں پر نشریات نہیں دکھائی جارہیں۔