5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کیمرون کے بیان سے امدادی کارروائیوں کو نقصان پہنچا، حسین ہارون
جنگ نیوز -
کراچی....اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ پاکستان پر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے حالیہ الزامات کی وجہ سے متاثرینِ سیلاب کے لئے امداد جمع کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ برطانوی اخبار کے مطابق 13برطانوی فلاحی اداروں کے گروپ ڈیزاسٹرزایمرجنسی کمیٹی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اب تک برطانوی عوام سے 95 لاکھ پاؤنڈ جمع کئے ہیں ۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رقم ماضی میں اس طرح کی قدرتی آفات کے لئے جمع کی گئی رقم کے مقابلے میں کم ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عبداللہ حسین ہارون کا کہنا ہے کہ برطانوی عوام اپنے وزیر اعظم کی بات سنتے ہیں ۔ اس لئے ڈیوڈ کیمرون نے بھارت میں پاکستان کے متعلق جو کچھ کہا اس کی وجہ سے پاکستان کی امدادی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ پاکستان کا منفی تاثر لوگوں کو مزید امداد دینے سے روک سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ ڈونرز کا مسئلہ بھی ہے کیونکہ پوری دنیا میں کچھ نہ کچھ ہورہا ہے لیکن عالمی میڈیا نے اب تک پاکستان کو درپیش بحران کو صحیح طور پر اجاگر نہیں کیا ۔