5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے 7 لاکھ72 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئیں فصلیں متاثر
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان میں سیلاب کے باعث سات لاکھ72 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئیں فصلیں متاثر ہوئی ہیں جن میں مکئی، چاول سبزیاں، پھل، کپاس اور گنا بھی شامل ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ زرعی زمین میں آئندہ چند روز میں اضافہ کا خدشہ ہے۔قوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ خیبر پختون خوا میں ایک لاکھ62 ہزار ہیکٹر، پنجاب میں چھ لاکھ ہیکٹر اور سندھ و بلو چستان میں10 ہزار ہیکٹر رقبے پر کاشت شدہ فصلیں متاثر ہوئی ہیں جہاں نقصانات کی شدت70 سے100 فیصد ہے جبکہ کسانوں کے پاس ذخیرہ کی ہوئی گندم اور فصل لگانے کے لیے بیج بھی متاثر ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ زراعت سے منسلک آبپاشی کا نظام ، مچھلیوں کے تالاب اور پودوں کی نرسریاں بھی60 سے100 فیصد متاثر ہوئی ہیں ۔دوسری جانب ملک میں سیلاب سے55 ہزار مویشیوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے ۔