تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سیلاب کے پیش نظر یوم آزادی سادگی سے منایا جائے، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں آنے والے قیامت خیزسیلاب کے باعث جشن آزادی سادگی سے منائیں اورجشن آزادی کے انتظامات پر خرچ کی جانے والی رقم سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپورامداد کریں ۔پاکستان کے 64 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدرکرنا اور اپنی آزادی کی حفاظت کرنا نہ صرف ہر محبت وطن پاکستانی کا بنیادی فرض ہے بلکہ انہیں چاہئے کہ وہ نوجوان نسل کو آزادی کی اہمیت اور افادیت سے بھی آگاہ کریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی آزادی کے فوراً بعد ملک پر جاگیرداروں اوروڈیروں نے قبضہ کرکے ملک بھر کے عوام کی آزادی چھین لی اور طاقت کے بل پر غریب عوام کو زندہ رہنے اور زندگی گزارنے کے حق سے بھی محروم کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بھی ملک وقوم پر مسلط فرسودہ جاگیردارانہ،وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام اورموروثی سیاسی کلچر نے ملک بھر کے 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو آزادی کے ثمرات سے محروم کر رکھا ہے۔وقت کا تقاضاہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں پاکستان کی بقاء وسلامتی ،ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کریں اورپاکستان میں قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت پاکستان اور اس کے عوام تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کررہے ہیں ، سینکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، سیلابی ریلوں میں گاوٴں کے گاوٴں صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں جبکہ لاکھوں خاندان بھوک وافلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ الطاف حسین نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہولناک تباہی کے پیش نظر جشن آزادی انتہائی سادگی سے منائیں، جشن آزادی کی تمام تقاریب منسوخ کریں اورجشن آزادی کے سلسلے میں ملک بھر میں سجاوٹ اور دیگر انتظامات پر خرچ کی جانے والی رقم سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد کریں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.