5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
یوم آزادی پر قوم سیلاب زدگان کو یاد رکھے، چوہدری برادران
جنگ نیوز -
لاہور… پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے یوم آزادی نہایت سادگی سے منانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری قوم اپنے ان کروڑوں بھائیوں کو یاد رکھے جو چاروں صوبوں میں ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کاکہناتھا کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ دوسروں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود آگے بڑھیں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اسی مثالی جذبے اور ایثار سے کام لیں جس کا سبق ہمیں انصار مدینہ نے دیا ہے اور اس ہمت سے کام لیں جس کا مظاہرہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے یہ خطہ ارض حاصل کرنے کیلئے کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے یوم آزادی پر اپنے پیغامات میں کہا کہ ہم یہ دن ان حالات میں منا رہے ہیں کہ دو کروڑ سے زائد پاکستانی سیلاب کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ دیہات تو دیہات شہروں میں بھی ایسی تباہی ہوئی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ سینکڑوں، ہزاروں میل کے علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، گاؤں اجڑ گئے ہیں، ہمارے بھائی، بہنیں، بچے اور خواتین کھلے آسمان تلے کھانے پینے کی اشیا کو ترس رہے ہیں ان کے پاس سایہ ہے نہ دوائی۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی ہمارے سامنے ہے۔ اس صورتحال میں ہمیں تن من دھن سے ان کی مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہئے اور یہ ثابت کر دینا چاہئے کہ پاکستانی قوم ایک جسم کی مانند ہے۔