5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ: کچے کا علاقہ زیر آب ، سیلابی ریلا جیکب آباد کے اطراف میں پہنچ گیا
جنگ نیوز -
جیکب آباد .. . . .. . . . .سندھ میں کچے کا علاقہ مکمل طور زیر آب آجانے کے بعد سیلابی ریلا جیکب آباد شہر کے اطراف میں پہنچ گیا ہے اور شہر کی 90 فیصد آبادی اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئی ہے ۔پنجاب کی طرف سے آنے والے ایک اور سیلابی ریلے کی وجہ سے گڈو بیراج میں آیندہ چند گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔اس وقت جیکب آباد میں صرف چند ہزار لوگ ہی اپنے املاک کی حفاظت کے لیے موجود ہیں۔ تاہم حکومت یا مقامی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی امدادی کارروائی شروع نہیں کی ہے۔خیرپور کے اُلرا جاگیربند ،جمشید لوپ بند ،فرید آباد بند،راضی ڈیرو بند،رامیجا بند، پریالو بند اور سگیوں بند پر شدید سیلاب کے باعث بندوں میں کٹاؤ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ضلع نوشہروفیروز میں کچے کا نوے فیصد علاقہ زیر آب آجانے کے بعد پھنسے ہوئے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ٹھٹھہ میں کچے کے رہائشیوں کومحفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ دریائے سندھ کے کنارے بھانوٹ بند اور کوٹری بیراج میں قاسم آباد،حسین آباد اورلطیف آباد بچاؤ بند میں بھی پانی کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔گھوٹکی میں رینی کینال میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے گیارہ بستیاں زیر آب اور کپاس کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔نئوں گوٹھ میں رابطہ پل بہہ جانے کے بعد علاقے کا مہیڑ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور سیکڑوں لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لاڑکانہ میں گیارہ لاکھ کیوسک پانی پہنچنے کے بعد رینجرز اور محکمہ آبپاشی کے اہلکاربندوں کی نگرانی کررہے ہیں۔