تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سیلاب کا مقابلہ صرف سرکاری وسائل سے نہیں کیا جا سکتا،وزیر اعظم

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے یوم آزادی کے موقعے پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں افراد کی بحالی کا مسئلہ درپیش ہے، اور اس قدرتی آفت کا مقابلہ محض سرکاری وسائل سے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا کام صرف صوبائی حکومتوں کی رہ نمائی کرنا ہے،سیلاب میں پھنسے افراد کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سیلاب سے ملک کے بیشتر حصوں میں تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہ سیلاب کے پیش نظر سرکاری افطار اور عید کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تیرہ سو سے زائد افراد جاں بحق اور سولہ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد دو کروڑ سے زائد ہے، نیز سیلاب سے اب تک سات ہزار سے زائد مکانات بھی تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب اور دہشت گردی سے ملکی معیشت شدید متاثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے57 ہیلی کاپٹر اور نو سو سے زائد کشتیاں کام کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ ہم متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلاب میں پھنسے چار لاکھ کے قریب متاثرین محفوظ مقامات تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خوش حالی اور ترقی کا دارومدار مساویانہ شہری حقوق کی فراہمی پر ہوتا ہے اور اسی لیے ہماری جمہوری حکومت خواتین کو مساوی حقوق دلانے کے لیے کوشاں ہے۔ معاشرے میں خواتین کی حیثیت کو بلند کرنے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت ہمارے ملک کی سب سے بڑی دولت ہے لیکن تعلیم کی کمی اس دولت سے پوری طرح فائدہ اٹھانے میں مانع ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اپنی کابینہ کے تمام وزراء کی تنخواہوں میں کمی کی ہے۔ ہماری جمہوری حکومت نے عنان اقتدار سنبھالتے ہی کسانوں کی بہتری کے لیے بھی بہترین اقدامات لیے۔ انہوں نے کہ جمہوری حکومت میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، ہمارا میڈیا اس وقت تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، تاہم ہماری حکومت قومی ترقی اور استحکام کے لیے میڈیا پر کسی بھی قسم کی پابندی کے قائل نہیں۔ا پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ا مریکا کے ساتھ توانائی کے شعبے سمیت متعدد دیگر شعبوں میں بھی تعاون مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھائے۔ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے مدد کے لیے عالمی برادری سے اپیل کی وہ بڑھ چڑھ کر اس قدرتی آفت کا شکار لوگوں کی مدد کرے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.