5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ملک کے بالائی حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے ،محکمہ موسمیات
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . . محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی حصوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے جس کے نتیجہ میں دریاؤں اور ندی نالوں میں تیز سیلاب آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بالائی اور مشرقی حصوں بشمول لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا اور بہاولپور ڈویژنوں میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، ہزارہ، پشاور، مردان ، بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور مالاکنڈ ڈویژنوں اور آزاد جموں وکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم تھرپارکر ، عمر کوٹ، اور بدین کے اضلاع میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران بارش ہوگی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تمام مشرقی دریا اور ڈیم مکمل بھر چکے ہیں جبکہ آئندہ تین سے چار ہفتوں کے دوران مون سون کی مزید بارشوں سے ان دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال پید اہوسکتی ہے اس لئے تمام متعلقہ حکام عوام کو جانی ومالی نقصان سے بچانے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ میں گدو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں 9 لاکھ سے 10 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا جس کے نتیجہ میں خیرپور، جیکب آباد، گھوٹکی اور سکھر کے اضلاع کے زیریں علاقے متاثر ہوں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں 53، سیالکوٹ اور ساہیوال میں 51، چترال 27، اسلام آباد 22، بالاکوٹ 21، سیدوشریف 18، راولاکوٹ 7، اوکاڑہ 6 جبکہ مظفر آباد اور مرلی میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔