تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

موجودہ سیلابی صورتحال حکومت کیلئے بڑا چیلنج ہے، گورنر ووزیراعلیٰ سندھ

جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . . ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی63واں یوم آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔مرکزی تقریب مزار قائد پر ہوئی جہاں گورنر و وزیراعلیٰ سندھ نے حاضری دی اور پرچم کشائی کی۔ان کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین،آئی جی سندھ اور سی سی پی او کراچی بھی موجود تھے۔اس کے بعد گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے،جن کے نقصانات کا اندازہ لگانا فی الحال ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی سادگی سے منایا جارہا ہے جبکہ چاروں صوبوں کی حکومتوں کیلئے موجودہ سیلابی صورتحال ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیلابی ریلہ سندھ سے نکل گیا جبکہ دوسرا سیلابی ریلہ آنیوالا ہے اور حکومت سندھ نے کوشش کی ہے کہ جانوں کا ضیاع روکا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ مصیبت زدہ لوگوں اور پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں اندازوں سے کہیں زیادہ ہے، لاکھوں عوام دربدر ہوچکے ہیں اور ان تمام قدرتی آفات کا مقابلہ قائداعظم کے اصول ایمان،اتحاد اور تنظیم کے ساتھ ہی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے جس جذبے سے ملک حاصل کیا گیا تھا لیکن حکومت اپنا کام کررہی ہے لیکن اتنی بڑی آفت کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.