تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

جیکب آباد کے بعد لاڑکانہ اور دادو میں بھی سیکڑوں دیہات زیر آب

جنگ نیوز -
لاڑکانہ…جیکب آباد کے بعد لاڑکانہ اور دادو میں بھی سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ لاڑکانہ کے قریب دریائے سندھ میں نصرت لوپ بند،عاقل آگانی لوپ بند،پرانہ آباد لوپ بند،حسن واہن لوپ بند اور گاجی ڈیرو لوپ بندوں پر سیلاب کا دباوٴ جاری ہے تاہم محکمہ آبپاشی کے اہلکار حفاظتی بندوں پر گشت کر رہے ہیں۔ عاقل آگانی لوپ بند پر کٹاو کو پتھر ڈال کر بند کردیا گیا ہے جبکہ پرانہ آباد حفاظتی بند کے جے اسپر کے قریب حفاظتی دیوار کی اونچائی مزید چار فٹ بلند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایات کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اس منصوبے پر ہنگامی طور پر کام شروع کردیا ہے۔لاڑکانہ کے حفاظتی بندوں کے نزدیک دریائے سندھ میں پانی کا بہاوٴگیارہ لاکھ کیوسک بتایا جاتا ہے ۔دوسری جانب ضلعی حکومت اور فوجی جوانوں کی جانب سے سیلاب میں گھرے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ ۔ضلع لاڑکانہ میں امدادی کیمپوں کی تعداد بھی بڑھ کر چالیس ہوگئی ہے۔ حکومت کی جانب سے امدادی کیمپوں میں مقیم افراد کو کھانا، راشن اور خیمے فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ نجی طور پر بھی مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ضروری اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔ پرانہ آباد حفاظتی بند کے قریب لاڑکانہ خیرپور پل پر موجود بعض متاثرین نے شکایت کی کہ انہیں شناختی کارڈ جمع کرانے کی شرط پر خیمہ فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ شناختی کارڈ کہاں سے لائیں کیونکہ وہ تو بے سر و سامانی کے عالم میں گھروں سے جان بچا کر نکلے ہیں۔ تاہم اب بعض مخیر افراد نے سیلاب متاثرین کو خیمے فراہم کردئے ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.