5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ٹرانسپورٹرز کرائے بڑھانے کے بجائے مدد کریں ،سینیٹر لشکری رئیسانی
جنگ نیوز -
کوئٹہ… پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما سینیٹر لشکری رئیسانی نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ کرائے بڑھانے کے بجائے سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں کی اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کریں ،یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں ساراوان ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے امدادی سامان کے تین ٹرک پی ڈی ایم اے کے حوالے کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ مزید امدادی سامان کے ٹرک پی ڈی ایم کے حوالے کئے گئے ہیں جو کوہلو، سبی اوردیگر بلوچستان کیسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے بھیجوائے جارہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں امداد پہنچ گئی ہے جبکہ بعض میں آئندہ چند دنوں تک پہنچ جائے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ ان ٹرکوں میں متاثرین کے لئے خوراک ، ادویات، ٹینٹ ، سمیت دیگر روز مرہ استعمال کی چیزیں شامل ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آرہی ہے کہ ٹرانسپورٹرز کرایے تین گناہ زیادہ وصول کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس مشکل میں گھرے بھائیوں کی مدد کیلئے اضافی کرایے وصول نہ کریں ۔انھوں نے کہا کہ کوئٹہ میں آئی ڈی پیز کے لئے ایسٹرن بائے پاس پر امدادی کیمپ لگایا گیا ہے جہاں انھیں امدادی اشیا فراہم کی جارہی ہیں جبکہ مزید سیلاب سے متاثرہ صوبے اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے متاثرین کوئٹہ آرہے ہیں ان کی بھی امداد کی جائے گی ۔انھوں نے مخیر حضرات سے بھی متاثرین کی امداد کی اپیل کی ۔