5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اندازہ تھا کہ آفت آ رہی ہے اسلئے چھوٹا چاول ایکسپورٹ نہیں کیا،صدر
جنگ نیوز -
مظفر گڑھ…صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہمیں اندازہ تھا کہ آفت آ رہی ہے اس لئے اس سال چھوٹا چاول ایکسپورٹ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں ایک سال کا عرصہ درکار ہو گا ۔یہ بات انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں متاثرین سیلاب سے خطاب میں کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خود بھی کسان ہوں اور جانتا ہوں کہ کسانوں کی فصلیں اور مویشی بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے متاثرین سیلاب سے وعدہ کیا کہ ان کے ہونیوالے نقصانات کی ایک ایک پائی کا ازالہ کیا جائے گا ۔ صدر کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو کاتخمینہ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد ایک نئے عزم کے ساتھ لوگوں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا سیلاب سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں لیکن ہمارے پاس اتنی گندم ہے کہ ہم اپنے لوگ سنبھال لیں گے۔پنجاب اور سندھ کے پاس کافی گندم ہے اور ہم بلوچتان اور خیبر پختون خواہ کو بھی گندم دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ آفت آ رہی ہے اس لئے اس سال چھوٹا چاول ایکسپورٹ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بند توڑنے پر لوگوں کے جو تحفظات ہیں ہیں اس حوالے سے وزیراعظم کو انکوائری کا حکم دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کر دکھائیں گے ۔