5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب روہیلا والی اور وسندے والی میں داخل،زہریلا کھانے سے بچہ جاں بحق
جنگ نیوز -
مظفر گڑھ…مظفر گڑھ کے نشیبی علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب روہیلاوالی اور وسندے والی میں داخل ہوگیا ہے۔ڈی جی خان، تونسہ اور راجن پور میں اب بھی لاکھوں افراد امداد کے منتظر ہیں جبکہ تونسہ کے ریلیف کیمپ میں زہریلا کھانا کھانے سے ایک بچہ جاں بحق اور تین سو سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے۔ روہیلا والی اور وسندے والی سے بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ شاہ جمال اوراس سے ملحقہ علاقوں کا زمینی رابطہ آج چوتھے روز بھی بحال نہیں ہوسکا جس کے باعث ان علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔دریائے سندھ کے ایک اور سیلابی ریلے سے راجن پور کی تحصیل جام پور اور کوٹلاں اندرون سمیت کئی علاقوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور راجن پور میں اب بھی لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔راجن پور میں کوٹلاں اندرون کے مقام پر دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔مقامی لوگوں نے 26 افراد کو بچالیاجبکہ تین افراد لاپتہ ہیں۔ تونسہ میں کاچل ریلیف کیمپ میں غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے فراہم کردہ کھانا کھانے سے ایک بچہ جاں بحق اور تین سو سے زائد افراد بے ہوش ہوگئے جن کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ڈی ڈی اوریونیو تونسہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کاحکم دے دیا گیا ہے۔