تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

نصیر آباد کی سم کینال میں شگاف ، سیلابی ریلے سے ڈیرہ الہیار زیر آب

جنگ نیوز -
نصیر آباد ... نصیر آباد کی سم کینال میں شگاف پڑنے اور جیکب آبادسے آنے والے سیلابی ریلے سے ڈیرہ الہیار زیر آب آگیا ہے۔ شہر میں 4 سے 5 فٹ پانی کھڑا ہے اور لاکھوں افرادگھروں کی چھتوں پر محصورہوگئے ہیں۔نصیر آباد میں واقع سم کینال میں جیکب آباد کا سیلابی ریلہ داخل ہونے اور کینال میں200 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے سیلابی ریلہ جعفر آباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ الہیار شہر میں داخل ہوگیا ہے۔شہر میں 4 سے 5 فٹ پانی کھڑا ہے۔پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث لاکھوں لوگ جن میں بچے خواتین اورمرد سبھی شامل ہیں اپنے گھروں کی چھتوں پر محصورہوگئے ہیں اور ریسکیو آپریشن اورحکومتی امداد کے منتظرہیں۔لیکن انتظامیہ کا عملہ غائب ہے۔افسران کے ٹیلے فون بھی بند ہیں ۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے علاقہ خالی کرنے کے لیے صرف11 گھنٹے کا نوٹس دیاتھا۔اتنے کم وقت میں چارلاکھ کی مقامی آبادی کی منتقلی ممکن نہیں تھی۔جعفرآباد کے مختلف علاقوں میں تین لاکھ سے زائدسندھ کے متاثرین سیلاب نے بھی پناہ لے رکھی تھی اور اب یہ متاثرین بھی اس نئے سیلابی ریلے میں پھنس گئے ہیں۔تاہم شہرکی چالیس فیصدآبادی محفوظ مقامات پرنقل مکانی کرچکی ہے۔شہرمیں مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ ریلوے ٹریک زیر آب آنے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ جعفرآباد کے علاقوں مراد علی، مانجھی پور زیر آب آنے کے بعد سیکڑوں افراد سیلابی پانی میں پھنس گئے ہیں ۔ لوگ ڈیرہ مراد جمالی ، اوستہ محمد اور دیگر بالائی علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں۔سیلابی ریلے سے سیکڑوں جانور مر گئے ہیں اور تعفن پھیل رہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.