تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

یورپ سیلاب زدگان کیلئے امریکا سے زیادہ امداد کا اعلان کرے،گوندل

جنگ نیوز -
برلن…رضا چوہدری/نمائندہ جنگ…پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے صدر شاہدر یاض گوندل نے جرمن ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت میں گھر ے اپنے بہن بھائیوں کی امداد کرنا اوورسیز پاکستانیوں کا قومی ، مذہبی ،اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہدر یاض گوندل نے کہا کہ ماضی میں زلزلے کی تباہی کے بعد یورپ کے عوام اور حکومتوں نے متاثرین کی دل کھول کر مددکی تھی مگر بڑے افسوس کی بات ہے کہ وہ اس دفعہ عطیات دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یورپ کا میڈیا پاکستان کو دہشت گردی اور کرپشن کے حوالے سے جائز اور ناجائز طور پر ہر وقت تنقید کا نشانہ بناتا رہتا ہے، لیکن یہ وقت پاکستان کے سیاسی حالات کو ایک طرف رکھ کر انسانی المیہ پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے۔ یورپی میڈیا کو چاہیے کہ وہ اس وقت سیلاب زدگان کے مصائب و آلام پر توجہ مرکوز کرے اور عوام اور حکومتوں کو عطیات دینے پر مائل کرے ۔ شاہد ریاض گوندل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے علاوہ یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی متعدد تنظیموں نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ایک بڑی مہم شروع کر رکھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان جرمن کونسل نے خود عطیات جمع کرنے کی بجائے جرمن امدادی تنظیموں کے ایک اتحاد کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس میں شامل تنظیمیں سالوں سے پاکستان میں سرگرم ہیں اور اس وقت ان کے سینکڑوں امدادی ورکرز پاکستان کے دور دراز علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔یہ شاندار ماضی اور کارکردگی کی حامل ہیں ان تک پہنچایا گیا ایک ایک پیسہ پاکستان پہنچے گا اور شفاف طریقے سے خرچ ہوگا۔ انھوں نے جرمنی میں مقیم لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے موبائل فوں سے صرف لفظ pak لکھ کر 81190 نمبر پر ایس ایم ایس کریں۔ اس طرح پانچ یورو جرمن امداد ی تنظیم کے پاکستانی فنڈ میں جمع ہو جائیں گے۔ انھوں نے زور دیا کہ پاکستانی بھائی مصیبت میں گھرے پاکستانی بچوں ، عورتوں اور بوڑھوں کا سہارا بنیں اور زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایس کریں۔ اس پہلے شاہد ریاض گوندل نے جرمنی کے شہر ماگڈے برگ اور ہونووور کا دورہ کیا اور ریڈیو پر انٹرویو کے ذریعے لوگوں سے امداد کے لیے اپیل کی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.