5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلابی ریلا مظفرگڑھ کے بعد شہر سلطان کی جانب بڑھ رہا ہے
جنگ نیوز -
مظفر گڑھ…سیلابی ریلا مظفرگڑھ کے علاقوں وسندے والی اور روہیلا والی میں تباہی مچانے کے بعد شہر سلطان کی جانب بڑھ رہا ہے،شہر کے لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے۔ دوسری جانب خان گڑھ کی جانب بڑھنے والاسیلابی ریلا دریائے چناب سے ایک کلومیٹر دور بہنے والے سیم نالے سے ٹکرارہاہے۔ ضلع کے متاثرہ علاقوں میں اب بھی کئی خاندان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظرہیں۔ادھر راجن پور میں کشتی الٹنے کے بعد 27افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دو افراد سیلاب میں جاں بحق ہوگئے۔ دوسری طرف دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر بدستور اونچے درجے کا سیلاب ہے اور راجن پور کی تحصیل جام پور میں بھی تاحال کئی فٹ پانی کھڑا ہے، جس کی نکاسی کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں راستوں کی بندش کے باعث ایندھن نایاب ہوگیا ہے۔ بہاول نگرکے علاقے چک مدرسہ کے قریب فورڈ واہ نہر میں40فٹ چوڑاشگاف پڑنے سے وسیع رقبہ زیرآب آگیا ہے۔