5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جنرل کیانی پاکستانی سیاست میں انتہائی اہم ہیں،رچرڈ ہالبروک
جنگ نیوز -
واشنگٹن…سینٹرل مانیٹرنگ…امریکا نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کو پاکستان میں سیاست کا طاقتور ترین کردار قرار دیا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جنرل کیانی پاکستان میں سیاست کی انتہائی طاقتورترین شخصیت ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ہم ان سے ہر معاملات ، مسائل و مشکلات پر طویل اور تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ایک معروف امریکی ٹیلی ویژن چینل سے انٹرویو کے دوران ایک سوال پر رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل کیانی پاکستان کی انتہائی طاقتور شخصیت ہیں، وہ نہ صرف فوج کے سربراہ ہیں بلکہ پاکستان کی انتہائی طاقتور ترین خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ہالبروک کے مطابق یہی وہ بنیادی اور اصل حقیقت ہے کہ جس کی بنیاد پر ہم کسی بھی معاملے میں انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کرسکتے۔ امریکی خصوصی نمائندے نے جنرل کیانی کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ بحیثیت جنرل کے وہ اشفاق پرویز کیانی کی صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہیں، جنرل کیانی نہ صرف بہترین پیشہ ورانہ سوچ رکھتے ہیں بلکہ کسی بھی منصوبے کو انتہائی تیزی سے علمی جامہ بھی پہناسکتے ہیں۔