5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
متاثرین کیلئے خیموں،خوراک اور پانی کی فوری ضرورت ہے، گیلانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو فوری طور پر خیموں،خوراک،ادویات اور پینے کے پانی کی ضرورت ہے یواین سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ پاکستان کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر اعظم ہاوس اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیر داخلہ رحمان ملک ،وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور دیگر حکام شریک تھے۔ وزیر اعظم نے بان کی مون کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی ضروریات کے بارے میں بریف کیا اور ان کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ سیلاب متاثرین کے لئے عالمی برادری اور ڈونر اداروں سے امداد کے حصول کے لئے بھرپور اقدامات کرے انہوں نے کہاکہ متاثرین کی بحالی اورمتاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کو روکنا حکومت کے لئے اہم چیلنج ہے وزیر اعظم نے کہاکہ ملک کی تمام سیاسی قوتیں عوام کی مدد کے لئے متحد ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے طور پر سیلاب متاثرین کی ریسکیو اور ریلیف کے لئے اقدامات کر رہا ہے لیکن یہ کسی ترقی پذیر تو کیا کسی ترقی یافتہ ملک کے لیے بھی ممکن نہیں کہ وہ اس بڑے پیمانے کی تباہی سے اکیلے نمٹ سکے۔ سیکریٹری جنرل بان کی مون نے وزیراعظم سے گفت گو میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے خود آیا ہوں انہوں نے کہاکہ یہ دیکھنے آیا ہوں کہ کیا ہوا ہے اور کیا ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ پہلے ہی اپنے فنڈز سے 27 ملین ڈالر متاثرین کے لئے مختص کرچکا ہے جبکہ مزید 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی اپیل کی ہے۔