5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بھارت:یوپی میں پولیس اور مشتعل کسانوں کے میں جھڑپیں،دو ا ہلاک
جنگ نیوز -
لکھنوٴ …جنگ نیوز…بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس اور مشتعل کسانوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ایک ہائی وے کی تعمیر کیلئے قبضے میں لی گئی زمین کے کم معاوضوں پر کسانوں نے احتجاج شروع کیا۔ علی گڑھ کے قریب سینکڑوں کسان جمع ہوگئے اور اس دوران انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں حالات کشیدہ بتائے جاتے ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے علاقے میں پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی حکومت نے نئی دہلی اور آگرہ کو ملانے کیلئے چھ لینوں پر مشتمل ہائی وے تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس پر ایک اندازے کے مطابق دو ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔