5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خیبر پختونخوا:سیلاب سے60اسکول صفحہ ہستی سے مٹ گئے
جنگ نیوز -
پشاور…صوبہ خیبر پختون خوا میں میں آنے والے بدترین سیلاب سے جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے وہیں سیکڑوں اسکول بھی متاثر ہوئے۔ خیبر پختون خوا میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے سیکڑوں اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق سوات، شانگلہ، بونیر،مالاکنڈ، اپردیر، چارسدہ، نوشہرہ اور ضلع بٹگرام میں 394 اسکول کی عمارتیں سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں۔ جن میں 60 اسکولوں کا سرے سے نام و نشان ہی نہیں رہا۔ صوبہ میں تباہ شدہ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر اور مرمت پر اخراجات کا تخمینہ پانچ ارب روپے لگایا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے لیئے بین الاقوامی امدادی اداروں سے بھی امداد کی اپیل کی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق ناروے کی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کو 54 کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خیمہ اسکولز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ طلبا اپنی تعلیم بغیر کسی تعطل کے جاری رکھ سکیں۔خیبر پختونخوا کے طلبا سیلاب کے بعد مشکلات کا شکار ہیں جس کے لیے حکومتی اداروں کے علاوہ نجی اور غیر سرکاری اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کر نا ہو گا۔