5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ماضی میں جنگ گروپ سے تنازع، مسلم لیگ کا موقف صحیح نہیں تھا، پرویز رشید
جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ن کے سینیٹراور پنجاب حکومت کے ترجمان پرویز رشید نے تسلیم کیا ہے کہ ماضی میں جنگ گروپ اور سیف الرحمان تنازعے میں مسلم لیگ کا موقف درست نہیں تھا،جبکہ ان کی جماعت نے اپنے ماضی سے بہت سبق سیکھا ہے ۔یہ بات انہوں نے لاہور میں"میڈیا اورحکومتوں کا ٹکراؤ،ماضی حال اورمستقبل، ایک فکری جائزہ" کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں کہی،سید آصف ہاشمی ،عمر سرفراز چیمہ اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ پاکستان میں طویل عرصے تک مارشل لا لگتے رہے ہیں،جن کی وجہ سے ادارے مضبوط نہیں ہوپائے، تاہم اب اداروں کے درمیان تصادم کی جو کیفیت پائی جاتی ہے،وہ ایک طرح سے بہتر ہے، کیونکہ اس طرح اداروں کے درمیان کردار کا تعین ہوسکے گا،سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آئندہ میڈیا اوراداروں کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرے گی۔