5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریلیف آپریشنز جاری
جنگ نیوز -
مظفر گڑھ . . . پنجاب کے مختلف علاقوں میں دریائے سندھ کے سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور کئی افراد متاثرہ علاقوں میں سیلابی ریلوں میں پھنسے ہیں،دوسری طرف پاک فوج کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دریائے سندھ سے آنے ولاسیلابی ریلا ضلع مظفرگڑھ کے شہر سلطان کے قریب ڈرین نہرسے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث نہر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اورمقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر کا بند مضبوط کرنے کاکام شروع کردیا ہے۔ضلع کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے سیلاب میں پھنسے افراد کونکالنے کے لئے ریسکیوآپریشن جاری ہے،تاہم اب بھی کئی افراد سیلاب زدہ علاقوں میں محصورہیں۔راجن پور کے علاقے فاضل پور کے حفاظتی بند پر دریائے سندھ کے سیلابی ریلے کا شدید دباؤ برقرارہے۔قادراں شرقی لنک کینال میں دس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے متعدد چھوٹی بستیاں زیرآب آگئی ہیں اورلوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔کوہ سیلیمان کے پہاڑی سلسلے میں گزشتہ شب بارشوں کے بعد برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔دوسری جانب تونسہ شریف اور ڈیرہ غازی خان میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد میں بھونگ نہر پر پڑنے والے تین شگافوں میں سے ایک شگاف کو گڑھی خیر محمد کے مقام پر بند کردیا گیا ہے، جب کہ دوشگافوں کو بند کرنے کے لئے کام جاری ہے۔سندھ پنجاب سرحد پر کوٹ سبزل کے مقام پر سیلابی ریلا قومی شاہراہ سے گزارا جا رہا ہے جس کے لئے وقفے وقفے سے ٹریفک کی معطلی کے باعث قومی شاہراہ پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔دوسری جانب ریلیف کیمپس میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے باعث سیلاب متاثرین سخت مشکلات کا شکارہیں۔