5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستانی فن کاروں اور صوفیانہ کلام کی جرمنی میں بھر پور پذیرائی
جنگ نیوز -
برلن . . . رضا چوہدری . . . پاکستانی فنکار ستائیس اگست کو شام آٹھ بجے جرمنی کے شہر بوخم میں صوفیانہ کلام سے دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے افتتاح کریں گے۔ جرمنی کے علاقہ روہر میں دنیاکا سب سے بڑا ثقافتی میلہ" روہر ٹرینالے"منعقد ہوتا ہے جو تین سال تک جاری رہتا ہے ۔ 2010 میں اسلامی ثقافت اس میلے کا فوکس ہے۔ اس میلے میں کئی ایک میوزک شوز، نمائشیں ، ڈرامے اور تھیٹر پیش کئے جاتے ہیں ۔ اس بار میلے کے افتتاح کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا ہے اور پاکستانی فنکار" سینٹس اینڈ سنگرز "کے عنوان سے ہونے والے میوزک شو سے سینچری آف سانگ سیریز کا افتتاح کریں گے۔ جرمن عوام یوٹیوب پر سائیں ظہور ، رضوان و معظم علی خان قوال اور پپو سائیں کے فن کا مظاہرہ دیکھ کر کافی متاثر ہوئے ہیں۔جرمن عوام نے بڑی تعداد میں ٹکٹ خرید کر پاکستانی فنکاروں کو پذیرائی دی ہے۔ شو کا ہال" یاھر ہنڈرٹ ہالے" ایک تاریخی اور بڑا منفرد ہال ہے۔ یہ ابتدائی صنعتی دور کی فیکٹریوں کے کھنڈرات میں بنایا گیا ہے اور اس میں دوہزار لوگوں کی گنجائش ہے۔ شو کے پچانوے فیصد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ اس شو کا اہتمام روہر ٹرینالے نے پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے تعاون سے کیا ہے۔ یورپ بھر سے بڑی تعداد میں پاکستانی بھی شو دیکھنے کے لیے آئیں گے۔ پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے صدر شاہدر یاض گوندل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم شو میں آئے ہوئے شائقین سے پاکستان میں سیلاب ذدگان کی امداد کے لیے اپیل بھی کریں گے اور امید ہے جرمن عوام بھر پور طریقے سے مصیبت میں گھرے پاکستانی عوام کی مدد کریں گے۔