5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
نواز لیگ جاپان کا سیلاب زدگان کیلئے5کروڑ روپے امداد کا ہدف
جنگ نیوز -
ٹوکیو . . . عرفان صدیقی . . . پاکستان مسلم لیگ ن (جاپان) نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیئے جاپان بھر میں جاری امدادی مہم کے دوران تیس لاکھ روپے جمع کرلیے ہیں جبکہ امداد کا ہدف پچاس لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔ یہ بات مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئر کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر میں موجود لیگی کارکنوں کو سیلاب زدگان کے لیئے فنڈز جمع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جس میں مسلم لیگ ن اوورسیز کی طرف سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مجموعی طور پرپانچ کروڑ روپے کا ہدف رکھا گیا ہے جو توقع ہے کہ پورا کرلیا جائے گا۔ شیخ قیصر محمود نے کہا کہ میاں نواز شریف کی ہدایات کے عین مطابق مسلم لیگ ن کو دنیا بھر میں پاکستانی بھائیوں سے امداد کے حصول کے لیئے متحرک کردیا گیا ہے۔ شیخ قیصر محمود نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مقیم پاکستانی بھائیوں کو اپنے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیئے اکٹھا ہوجانا چاہیے اور تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر صرف ایک ہی مقصد کے لیے کوششیں کرنی چاہیئں، جس کی مثال قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کرکے قائم کی ہے۔ شیخ قیصر نے جاپان،امریکہ،برطانیہ،فرانس ،جرمنی ،متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں مقیم مسلم لیگی کارکنوں اور عہدیداروں سے اپیل کی کہ متاثرین سیلاب کے لیے پانچ کروڑ کے ہدف کو پور ا کرنے کے لیئے دل کھول کر عطیات جمع کرائیں اور دنیا اور آخرت کا ثواب حاصل کریں۔ شیخ قیصر نے کہا کہ مسلم لیگ ن جاپان کا وفد رمضان المبارک میں ہی امدادی رقم میاں نواز شریف کے حوالے کرے گا۔