5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیا کا بلوچستان میں سیلاب سے متاثر علاقوں کا دورہ
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل جاویدضیانے سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈھاڈر، سبی ، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ الہ یار اور روجھان جمالی کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کا حکم دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان لے کر پاک فضائیہ کے تین سی130جہاز کوئٹہ پہنچ گئے۔متاثرہ افرادکیلئے امدادی اشیامیں راشن، کھجوریں، پینے کے پانی کی لاکھوں بوتلیں اورکپڑے شامل ہیں۔ سدرن کمانڈکی جانب سے فراہم کردہ یہ سامان ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں کوروانہ کردیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے ڈیرہ مراد جمالی، سبی، ڈھاڈر، نولانگ اور کوئٹہ میں پانچ بڑے رہائشی کیمپ قائم کردئیے ۔ یہ کیمپ پاک فوج کی سدرن کمانڈ اورصوبائی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ہیں ۔اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل جاویدضیا نے کہاکہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد اپنی اور اپنے خاندان کی کیمپوں میں رجسٹریشن کرالیں تاکہ انہیں رہائش، کھانے پینے، کپڑوں اور طبی امداد کے حصول میں آسانی ہو ۔متاثرین سیلاب ٹرین کے ذریعے سبی اور کوئٹہ کے رہائشی کیمپوں میں پہنچ کر اپنی اور اپنے خاندان کی رجسٹریشن کرالیں۔