5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دادو مورو پل :سڑک پر 50فٹ چوڑا شگاف،کئی اضلاع کا رابطہ منقطع
جنگ نیوز -
جیکب آباد . . . دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے دادو مورو پل کے قریب سڑک پر پڑنے والا شگاف50فٹ چوڑا ہوگیا ہے،جس کے بعد کئی اضلاع کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔دوسری جانب جیکب آباد شہر کو سیلاب سے بچانے کیلئے بائی پاس پر کٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔سیلابی ریلے سے دادومورو روڈ پر پڑنے والے شگاف سے ،نوشہروفیروز، دادو، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد اضلاع کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور پڑنے والے شگاف میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق شگاف سے کچے کے مزید10 دیہات زیرآب آگئے ہیں ۔جیکب آباد شہر کے اطراف سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سیلابی ریلے سے کوئٹہ جیکب آباد ریلوے ٹریک بھی زیرآب آگیا ہے۔ وفاقی وزیراعجاز جکھرانی کے مطابق جیکب آباد شہربچانے کیلئے کوئٹہ بائی پاس کے پانچ مقامات پرکٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نوابشاہ میں دریائے سندھ کے حفاظتی بند کے قریب میکارو ڈھورو کے مقام پر کچے کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے اور لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔مٹیاری کے بھانوٹ بند میں بھی پانی کا دباؤبڑھ رہا ہے اور نیو سعید آباد کے کچے کے علاقے زیر آب آچکے ہیں۔