5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کیرتھر کینال:سیلاب کے دباؤ سے گڑنگ ریگیولیٹرکے دروازے ٹوٹ گئے
جنگ نیوز -
شہدادکوٹ…شہدادکوٹ کے قریب کیرتھر کینال میں سیلاب کا دباؤ بڑھنے کے بعد گڑنگ ریگیولیٹر کے دروازے ٹوٹ گئے ہیں جس کے بعد ڈی سی او شہداد کوٹ نے قبو سعید خان سمیت150 دیہات کو ہنگامی طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ضلع جامشور کے مزید25 دیہات زیر آب آجانے سے ہزاروں افراد پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔پنو عاقل میں کشتی الٹنے سے سات افراد ڈوب گئے دس کو بچالیا گیا۔ ڈی سی او شہدادکوٹ کے مطابق سیلاب متاثرہ افراد کے لیے شہدادکوٹ شہر اور کراچی میں کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں پر انکے لیے خوراک اور رہائش کاانتظام کیا گیا ہے۔ سیلابی ریلہ ایف پی بند کی جانب بڑھنے لگا۔ خطرے کے پیش نظر لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ شہداد کوٹ کو بچانے کے لئے انتظامیہ نے موٹروے پر بند باندھنا شروع کردیا ہے۔سیلابی ریلے سے دادومورو روڈ پر پڑنے والے شگاف سے ،نوشہروفیروز، دادو، لاڑکانہ اور شہید بینظرآباد اضلاع کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور کچے کے مزید10 دیہات بھی زیرآب آگئے ہیں۔ ضلع جامشورو میں سیلاب کے باعث تحصیل مانجھند کے25 دیہات زیر آب آجانے کے بعد پانی میں پھنسے ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔ لاڑکانہ میں پرانا آباد لوپ بند کے قریب دریا کارخ موڑنے کے لیے زیر تعمیر حفاظتی دیوار میں شگاف کی وجہ سے سیلابی ریلہ لاڑکانہ اور خیرپور کی جانب بڑھ رہاہے۔ جیکب آباد شہر کے اطراف سیلاب کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پنو عاقل کے قریب سومرا پھنواری میں کشتی الٹنے سے پانی میں جاگرنے والے17 افراد میں سے دس کو زندہ بچالیا گیا جبکہ ڈوبنے والے سات افراد کی تلاش جاری ہے۔