5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان میں سیلاب، جنرل اسمبلی کے بعد او آئی سی کے ہنگامی اجلاس طلب
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستانی قونصل جنرل عبد السالک خان کی او آئی سی کے سکریٹری جنرل سے ملاقات ، سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اسلامی کانفرنس تنظیم(او آئی سی) کے سکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والے صورتحال پر غور کرنے کے لئے اوآئی سی ممالک کے مستقل نمائندوں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، یہ بات جیونیو ز کے نمائندہ شاہد نعیم سے بات چیت کرتے ہوئے جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل عبد السالک خان نے اوآئی سی کے سکرٹری جنرل سے ملاقات کے بعد بتائی۔ ملاقات میں انہوں نے پاکستان کے صوبوں اور شہروں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔عبد السالک خان نے مزید بتایا کہ اجلاس 18اگست کی صبح تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب،ایران،ملائیشیا، انڈونیشیا،سنیگال،سوڈان، اردن، شام،متحدہ عرب امارات، فلسطین اور دیگر ممالک کے نمائندے شرکت کرینگے، اجلاس میں پاکستان میں سیلاب اور بارش سے پیدا ہونے والی حالیہ صورتحا ل کا جائزہ لیا جائیگا اور رکن ممالک سے اس آزمائشی وقت میں پاکستان اور پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی و ہمدردی کریں گے۔اور رکن ممالک سے اپیل کرینگے کہ پاکستان میں متاثرہ افراد کی آبادکاری اور امدادی کارروائیوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ملاقات کے دوران اوآئی سی کے سکریٹری جنرل نے قونصل جنرل سے پاکستان میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاری پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔