5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
چوہدری ظہیر کی جانب سے بلوچستان میں مزدوروں کے قتل کی مذمت
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیرالدین نے بلوچستان میں پنجاب کے مزدوروں کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔لاہور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان اس آگ کو پورے ملک میں پھیلانے کی سازش کو ناکام بنائیں۔چوہدری ظہیرالدین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان میں پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر اپنی چپ کا روزہ توڑیں۔انہوں نے کہا کہ پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ کرنے والے پاکستان کی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے دشمن ہیں۔چوہدری ظہیرالدین کا کہنا تھا کہ ایک جانب عوام سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں اور دوسری جانب ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات قومی یکجہتی اور جذبہ ایثار کے لئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔