5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
وزیر نے اپنی فیکٹری ،فارم ہاؤس بچانے کیلئے ہمارے گاؤں کو ڈبو یا، ظفراللہ جمالی
جنگ نیوز -
ڈیرہ مراد جمالی…سابق وزیراعظم پاکستان ظفراللہ جمالی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک وفاقی وزیر نے اپنی فیکٹری اور فارم ہاؤس بچانے کیلئے ڈیرہ اللہ یار اور روجھان جمالی کو ڈبو دیا ،وفاقی کابینہ میں شامل کچھ بونا نما وزرا جھوٹ بولتے ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہی۔ظفر اللہ جمالی نے کہاکہ وفاقی وزیر کی ضد کی وجہ سے علی مہر بند نہیں توڑا گیا جس کی وجہ سے پانی ڈیرہ اللہ یار اور روجھان جمالی میں داخل ہوا اورہمارا ڈیڑھ سوسال پرانا گاؤں ڈوب گیا ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے دس سے گیارہ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان متاثرین کی آہ حکومت کو لے ڈوبے گی کیونکہ ہم پچھلے دو روز میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں سے رابطہ کررہے ہیں لیکن وہ فون کا جواب ہی نہیں دیتے ہیں ۔سابق وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے نقصانات کا ازالہ حکومت نہیں بلکہ خدا کرے گا ہم پسماندہ ضرور ہیں لیکن بے غیرت نہیں ہیں انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے دعا کریں۔