5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی:سندھ اسمبلی کی نشست PS-94 کے انتخابی شیڈول کا اعلان
جنگ نیوز -
کراچی. . . . آغا خالد. . . . . متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سید رضا حیدر کے جاں بحق ہونے سے خالی ہونے والی نشست پر الیکشن کمیشن نے 22/ ستمبر کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور کراچی کے ضلع سینٹرل کے اسسٹنٹ الیکشن کمیشن سید ندیم حیدر کو انتخابات کیلئے ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سید رضا حیدر کے جاں بحق ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست PS-94 کراچی vi پر کاغذات نامزدگی 18/ اور 19/ اگست کو جمع کرائے جا سکیں گے اور انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند ٹی ایم او آفس سائٹ میں واقع الیکشن کیشن کے کیمپ آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 20/ سے 24/ اگست اور 26/ اگست تک ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل کی جا سکے گی، یکم ستمبر تک الیکشن ٹریبونل ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا فیصلہ سنانے کے پابند ہوں گے، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 2/ ستمبر 2010ء ہوگی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 3/ ستمبر کو آویزاں کر دی جائے گی اور 22/ ستمبر کو مذکورہ نشست پر عید کے بعد انتخابات ہوں گے۔